Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

“پاکستان آئے تو تین دن کے دوران 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے”

سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ پاکستان آئے تو تین دن کے دوران 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ جب ہم پاکستان آئے تو تین دن کے دوران 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جن کا حجم 2.2 ارب ڈالر تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف شروعات تھی، آج دو سے تین ہفتوں بعد ان ایم او یوز کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہو گئی ہے، 5 ایم او یوز پر پہلے ہی کام شروع ہو چکا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح اور سعودی شاہی دیوان کے مشیر محمد بن مزید التویجری کی آج ریاض میں ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف اقتصادی اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

 سعودی وزیر سرمایہ کاری کے 9 سے 11 اکتوبر کو نجی شعبے کے ایک بڑے وفد کے ساتھ پاکستان کے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دورے کے دوران پاکستان میں دستخط کی گئیں مفاہمتی یادداشتوں کے ٹھوس سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدوں کی شکل میں مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے پاک – سعودیہ مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی رفتار کو جاری رکھنے پر بھی گفتگو کی۔

 شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعاون کی کوششوں اور عزم پر سعودی وزیر خالد الفالح کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے سعودی عرب کے وژن 2030 کے پسِ منظر میں دونوں ممالک کے لیے موجود اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِ پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ تجارت جام کمال خان اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں