اسلام آباد: انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے جس میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں ہوگی، اب تک 50 لاکھ 89 ہزار سے زیادہ گوشوارے جمع ہوچکے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ انکم ٹیکس گوشواروں سے 130 ارب روپے سے زیادہ کی رقم جمع ہوچکی ہے، انکم ٹیکس گوشوارے آج رات 12 بجے تک جمع کیے جاسکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یکم نومبر سے گوشوارے جمع کرانے والے لیٹ فائلر یا نان فائلر بن جائیں گے، لیٹ فائلرز پر گاڑی اور پراپرٹی خریدنے پر دگنا ٹیکس ہوگا۔
ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ماہانہ 50 ہزار آمدن والوں کے لیے انکم ٹیکس کا گوشوارہ جمع کرانا لازمی ہے، ماہانہ 50 ہزار آمدن پر گوشوارہ جمع نہ کرانے والا نان فائلر یا لیٹ فائلر قرار دیا جائے گا۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ نان فائلرز کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی جائے گی جب کہ نان فائلرز کی موبائل فون سم بلاک کی جائیں گی اور بجلی و گیس کے بل بھی منقطع کیے جائیں گے۔



















