پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی ہندو برادری ملکی ترقی میں انمول کردار ادا کرتی رہی ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی اور ہندو اور شیڈولڈ کاسٹس برادری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو نے دیوالی تہوار کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ روشنیوں کا یہ تہوار اتحاد، امن اور مسرت جیسے آفاقی اقدار کی علامت ہے، یہ آفاقی اقدار پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے میں گہرائی سے جڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری ملکی ترقی میں انمول کردار ادا کرتی رہی ہے، دیوالی اندھیروں پر روشنی کی فتح کا جشن اور ہمارے مشترکہ عزم کی علامت ہے، تمام برادریوں کے درمیان ہم آہنگی، احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہمارا عزم ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یہ پختہ عزم ہے کہ تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، تمام اقلیتوں کو اپنے تہوار وقار اور آزادی کے ساتھ منانے کا حق حاصل رہے گا۔
انکا کہنا تھا کہ دیوالی کا تہوار امید، حوصلہ اور شفقت جیسے اقدار کی نمائندگی کرتا ہے، یہ اقدار وہ اصول ہیں جنہیں ہمیں ایک ترقی پسند اور جامع پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنانا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں ایک بہتر معاشرتی ماحول کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے، ایک ایسا ماحول جہاں ہر شہری باہمی احترام اور ہم آہنگی کے ماحول میں فروغ پا سکے۔



















