اسلام آباد: حکومت نے وفاقی کابینہ اجلاس کا وقت تبدیل کردیا جس کے بعد اب کابینہ اجلاس 4 بجے ہوگا۔
حکومت نے وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس کا وقت تبدیل کر کے 4 بجے کردیا ہے اور اب اجلاس 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، تاہم اس سے قبل کابینہ اجلاس دوپہر اڑھائی بجے طلب کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس کا 16 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ حج پالیسی 2025کی منظوری دے گی، وزارت داخلہ اسلام آباد سنٹرل بزنس ڈسٹر کٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی سمری پیش کرے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ چیئرمین این آئی آر سی کی تقرری کی منظوری ایجنڈا میں شامل ہے جبکہ جموں وکشمیر اسٹیٹ پراپرٹی بجٹ 2024۔25 کی بھی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حج پالیسی کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری نہیں لی جا سکی تھی، وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی منظوری کے لیے دوبارہ وفاقی کابینہ کو بھجوائی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سرکاری حج پیکج 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان رکھنے کی تجویز ہے، حج کو ٹہ کے مطابق پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔



















