وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب، قطر میں ون آن ون، وفود کی سطح پر ملاقاتیں مفید رہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، انہوں نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور قطر کا کامیاب دورہ مکمل کر کے آیا ہوں، سعودی عرب، قطر میں ون آن ون، وفود کی سطح پر ملاقاتیں مفید رہیں، سعودی ولی عہد نے پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت دوستانہ گفتگو کی، اگلے دن انہوں نے اپنی ٹیم بھجوائی جس میں سعودی وزیر سرمایہ کاری اور دیگر حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتوں کے نتیجے میں پاکستان کا وفد جلد سعودی عرب جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی طرح قطر کا ڈیڑھ دن کا دورہ بھی انتہائی کامیاب رہا، امیر قطر کے ساتھ وفود کی سطح پر اور ون آن ون ملاقات ہوئی، امیر قطر کی ہمشیرہ نے پاکستان کی تاریخ کے حوالے سے نمائش کا انعقاد کیا جس میں امیر قطر میرے ساتھ تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قطر میں ملاقاتوں میں طے ہوا کہ ماضی میں قطر نے 3 ارب ڈالر کا جو وعدہ کیا تھا اس کے حوالے سے دونوں ملک تیزی سے آگے بڑھیں گے اور اس کے نتیجے میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی ٹیم جلد پاکستان آرہی ہے اور اس اتھارٹی کے چیئرمین رواں ماہ کے آخر میں پاکستان آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے واضح کیا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بہت گنجائش ہے، لاکھوں لوگوں کی ضرورت ہے، اپنی اسکلڈ لیبر ہمیں بھجوائیں، لاکھوں لوگوں کی ضرورت ہے اور اگلے سالوں میں ہمیں اس کی بہت زیادہ ضرورت پڑے گی، انہوں نے کہاکہ امیر قطر نے بھی پاکستان میں آئی ٹی پارک لگانے کا عندیہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان سے بھی 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات کی تھی، آذربائیجان کے صدر نے بھی دورہ پاکستان کے دوران 2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی بات کی تھی، آذربائیجان سے پیغام آیا ہے کہ انہیں انتظار ہے اور پاکستان تیاری کرکے بتائے، وزیراعظم نے کہاکہ وہ ایک آدھ دن میں اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
کابینہ اجلاس کل یا پرسوں دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حج پالیسی کی منظوری ایک مرتبہ پھر موخر ہوگئی۔



















