اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے قازقستان کے سفیر یرژن کذافستان کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور اہم عالمی وعلاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین تعلقات مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی رابطوں میں اضافہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، قومی اسمبلی میں قائم پاک- قازقستان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دوطرفہ پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان قازقستان سمیت تمام وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کو گرم پانیوں تک رسائی دینے کے لیے پُر عزم ہے، وسطی ایشیائی ریاستوں کو گرم پانیوں تک رسائی کے لیے گوادر قریب ترین بندر گاہ ہے۔
اسپیکر نے اسلام آباد میں منعقدہ ایس سی او کانفرنس میں قازقستان کے وزیراعظم اولجاس بیکٹینوف کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی دوروں سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔
قازقستانی سفیر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پارلیمانی رابطوں میں اضافے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
سفیر نے ایس سی او کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اسپیکر قومی اسمبلی کو مبارکباد دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس سی او کانفرنس کے خطے کی ترقی اور خوشحالی پر دور رس نتائج مرتب ہونگے۔
قازقستان کے سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ قازقستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔



















