وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں شعبہ سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت گلگت بلتستان کی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے ضلع غذر کے گاؤں بوبر میں 2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی طور پر تعمیر شدہ مکانوں کی بروقت تکمیل اور اس کے گھروں کے اعلیٰ معیار پر اظہار اطمینان کیا۔
انہوں نے کہا کہ بوبر گاؤں میں نئے تیار شدہ گھروں کو دیکھ بے حد خوشی ہوئی۔
محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کی انتظامیہ کو ضلع غذر میں تعلیمی اداروں، کھیل کے میدانوں، بجلی کی فراہمی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دی۔
وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ بجلی کی فی الفور فراہمی کا اعلان کیا۔
انہوں نے بلتستان یونیورسٹی اور قراقرم یونیورسٹی کے باصلاحیت طلباء کے لیے میرٹ کی بنیاد پر 1 ارب روپے کے اینڈاؤمینٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی طرز پر گلگت بلتستان کے شعبہ تعلیم کی ترقی کے لیے دانش اسکول متعارف کر رہے ہیں، وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب، گلگت بلتستان کے شعبہ تعلیم کو تحفتاً 1 ارب روپے دیے تھے، گلگت بلتستان کے تمام شعبوں کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ معاشی استحکام میں وفاقی حکومت کے ساتھ تمام صوبوں کا تعاون انتہائی اہم رہا ہے، اسٹاک ایکسچینج 92 ہزار کی تاریخی سطح عبور کر چکا ہے، ملکی ترسیلات زر، ٹیکس فائلرز کی تعداد میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے سفر میں تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کا تعاون کلیدی ہے، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا فاٹا کے ضم اضلاع اور بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر ہماری توجہ پوری طرح مرکوز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں شعبہ سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے، گلگت بلتستان کے شعبہ سیاحت میں سرمایہ کاری کے لیے قطری سرمایہ کار دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، گلگت بلتستان کابینہ کے ارکان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔



















