کوئٹہ: گزشتہ روز ریلوے اسٹیشن کے قریب ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق خودکش حملہ آور کی شناخت کے لئے نادرا سے رابطہ کر لیا گیا ہے جبکہ جسمانی اعضاء ٹیسٹ کیلئے فرانزک کیلئے بھیجنے کا عمل بھی مکمل ہوگیا ہے۔
حکام نے مزید بتایا ہے کہ اسٹیشن پر لگے 16 سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ تحویل میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر خودکش دھماکے میں 26 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں؛ کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کے قریب دھماکا، 26 افرادجاں بحق، 40 سے زائد زخمی
جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا۔
علاوہ ازیں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔



















