Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عرب امارات کی سندھ کے عوام کیلئے کاوشیں ناقابل فراموش ہیں، شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عرب امارات کی سندھ کے عوام کیلئے کاوشیں ناقابل فراموش ہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے ملاقات کی جس میں مشترکہ اقدار کو مستحکم  کرنے اور متعدد شعبوں میں تعاون کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو عرب امارات کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔

دوران ملاقات سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور اماراتی قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کے درمیان معاشی و سماجی ترقی اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا،

ملاقات میں عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کی جانب سے  انسداد منشیات کے لیے حکومت سندھ کے اقدامات کی تعریف کی گئی۔

عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ سندھ کے عوام کیلئے مختلف شہروں میں عرب اماراتی حکومت کی جانب سے مفت طبی کیمپس بھی لگانے جا رہے ہیں۔

  شرجیل انعام میمن نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سندھ کے باہمی برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط  ہیں، عرب امارات کی سندھ کے عوام کیلئے کاوشیں ناقابل فراموش ہیں، عرب امارات ہمارا دیرنیہ برادر ملک ہے،  سندھ کی ترقی کیلئے عرب امارات کی کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عرب امارات کے عوام ہر مشکل وقت میں سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، سندھ کے بنیادی ڈھانچے، صحت اور تعلیم کے میدان میں عرب امارات کی سرمایہ کاری نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ اماراتی حکومت کے ساتھ شراکت داری کو بڑھانے، امن اور خوشحالی کو فروغ دینے اور ان رشتوں کو گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں