وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری عزت مآب خالد بن عبدالعزیز الفالح اور ایڈوائزر رائل کورٹ عزت مآب محمد التجویری کی عرب – اسلامک سمٹ کی سائیڈ لائینز پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اقتصادی تعاون کے حوالے سے پیشرفت پر تبادلہء خیال ہوا۔
اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین عزت مآب شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ فیوچر انوسٹمینٹ انیشی ایٹو فورم کی سائیڈ لائینز پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم عزت مآب محمد بن سلمان سے ملاقات انتہائی مفید رہی، آپ کا حالیہ دورہء پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کے دورہء پاکستان میں تعاون کی 2.8 ارب ڈالر کی جن مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان میں سے 8 پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔
محمد شہباز شریف نے عرب – اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب میں پرتپاک میزبانی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں پاکستان سے بڑی تعداد میں ہنر مند افرادی قوت کے لئے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پر تبادلہء خیال؛ اس حوالے سے جلد ایک بڑی پیشرفت متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون عملی شکل اختیار کررہا ہے، جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ اکتوبر میں پاک – سعودی بزنس فورم میں پاکستانی اور سعودی کاروباری اداروں کے درمیان بات چیت نے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی ہے اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو گہرا کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے ذریعے ہونے والی پیش رفت، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کے ویژن 2030 کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے ویژن 2030 کے حوالے سے سعودی قیادت کی تعریف کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار کر رہے ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔



















