Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت کا پاکستان نہ آنے کا معاملہ، وفاقی حکومت نے مشاورت کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے معاملے پر وفاقی حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے وسیع تر مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی پر اہم اجلاس ہوگا، جس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ امور، پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت تمام شراکت دار شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کی بھی شرکت متوقع ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ سے بھی رائے لی جائے گی اور تمام فریقین کی مشاورت کے بعد حکومتی سطح پر فیصلہ لیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی تمام متبادل تجاویز اجلاس میں رکھے گا، آئی سی سی کو بھارت کا لکھا گیا گیا خط اور پاکستان کے ممکنہ جواب کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

علاوہ ازیں پی سی بی نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے لیے اپنی سفارشات کی تیاری شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان نہیں جائے گی، بھارت اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا خواہاں ہے۔

بعد ازاں بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی پی سی بی کو ٹیم کو پاکستان نہ بھجوانے کے حوالے سے آگاہ کردیا تھا۔

متعلقہ خبریں