وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے باکو میں کاپ 29 سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کی ہیں۔
محمد شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں پاکستان – متحدہ عرب امارات کے مابین موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
انہوں نے ترک صدر رجب طیب ایردوان اور ترکیہ کی خاتون اول امینہ ایردوان سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
وزیرِ اعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیویف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمن سے بھی ملاقات کی جس میں وسط ایشیائی ممالک اور پاکستان میں گلیشیئرز و آبی وسائل کے تحفظ پر گفتگو کی گئی۔
دوران ملاقات پاکستان کے تاجکستان اور ازبکستان سے مواصلاتی روابط کو وسعت دینے پر گفتگو ہوئی۔
وزیرِ اعظم نے نیپال کے صدر رام چندر پاؤڈیل اور بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سے بھی ملاقات کی جس میں جنوبی ایشیاء میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت، بلند ہوتی سطح سمندر کے خطرات اور جنگلات کے تحفظ پر گفتگو کی گئی۔
بنگلہ دیش اور نیپال کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔



















