وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام کا بھروسہ ہی ہماری سب سے بڑی جیت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی نمایاں کامیابی پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے جیالوں کو جیت کی اس خوشی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، سندھ کے 18 اضلاع میں عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اپنا اعتماد بحال رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہم پر اپنا یقین مقدم رکھا، عوام کو ہر طرح کی سہولت دینے کے لیے کوشاں ہیں اور رہیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، عوام نے اپنے ووٹوں سے ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوامی مفادات پر پورا اترتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عوام کا بھروسہ ہی ہماری سب سے بڑی جیت ہے، ہم جمہوری اقدار کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن پر کاربند رہتے ہوئے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی کی 10 میں سے 9 بلدیاتی نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 8 نشستوں پر میدان مار لیا۔



















