کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی جان لے کہ جماعت اسلامی اس دھاندلی کے خلاف خاموش نہیں رہے گی۔
شارع فیصل پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2023 کے انتخابات میں پورے کراچی نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیا لیکن پیپلز پارٹی فارم 47 کے ذریعے اقتدار پر قابض ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیے ہیں اور جماعت اسلامی کراچی کی عوام کے ووٹوں کی حفاظت کرے گی۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی تاریخ پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر دہرائی ہے، الیکشن کمیشن، آر او اور ڈپٹی کمشنرز کے پیپلزپارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں نتیجے تبدیل کردیے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیاقت آباد اور ماڈل ٹاؤن میں جماعت اسلامی کے جیتے ہوئے امیدواروں کو فارم 11 کے ذریعے ہرادیا گیا، کراچی:پیپلز پارٹی جان لے جماعت اسلامی اس دھاندلی کے خلاف خاموش نہیں رہے گی اور ہم کراچی کی عوام کے دیے مینڈیٹ کی حفاظت کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کہتے ہیں کہ کراچی نے ثابت کردیا پورا کراچی جماعت اسلامی کے ساتھ ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد سارے اختیارات آپ کے پاس، تعلیم کا اختیار بھی آپ کو حاصل ہے جب کہ بلدیاتی اختیار بھی آپ کے پاس ہیں اور ادارے بھی آپ ہی کے پاس ہیں۔
منعم ظفر کا کہنا ہے کہ اب تو کچرہ چننے کا ادارہ بھی آپ نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے، گٹر کے ڈھکن بھی آپ بنائیں گے کہ سارا اختیار آپ کے پاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک بات یاد رکھیں آپ کا تین ہزار ارب روپے کا بجٹ ہے جب کہ 95 فیصد صوبے کے بجٹ کراچی ادا کرتا ہے، یہ کراچی آگے بڑھتا ہے تو پورا ملک آگے بڑھتا ہے۔



















