Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کا زیادہ بجلی کے استعمال پر ریلیف سنگین ترین مذاق ہے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کا زیادہ بجلی کے استعمال پر ریلیف سنگین ترین مذاق ہے حکومت بجلی کے ٹیرف میں براہ راست کمی کرے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کے پی اور بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کیلئے اقدامات کی جبکہ مسائل کے حل کیلئے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ باجوڑ میں جماعت اسلامی کے اہم رہنما کو شہید کیا گیا،  اس قتل کی ذمہ داری کس کی ہے، جماعت اسلامی کا ہر کارکن اور رہنما قیمتی ہے، جبکہ قوم کے ہر فرد کی جان قیمتی ہے، ہر فوجی جوان کی جان قیمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی حکومت وقت کی ذمہ داری ہے، حکومتی پالیسیوں پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، امریکی جنگ کا حصہ بننے سے قبل افغان سرحد محفوظ تھی، جبکہ آزادکشمیر کی آزادی قبائلیوں کی مرہون منت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے پریس کانفرنس کے دوران  یہ بھی کہا کہ افغان حکومت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، اور  اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، پاکستان افغان حکومت کے ساتھ بات چیت شروع کرے، پاکستان خطے میں کیوں کسی کی پراکسی وار لڑے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو تمام سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لینا ہو گا، سیاسی مخالفت اپنی جگہ ملک کیلئے ساتھ بیٹھنا ہو گا، ملکی مسائل حکومتی بیانات نہیں اقدامات سے حل ہوں گے، حکومت فیک نیوز کیلئے بنیاد کیوں فراہم کرتی ہے، ملک مزید بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا، بدامنی کے براہ راست اثرات ملکی معیشت پر پڑتے ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج اوپر جانے سے کیا عوام کو ریلیف مل رہا ہے، کیا اسٹاک ایکسچینج اوپر جانے سے عام آدمی کے حالات بدلے ہیں، کیا پٹرول، دال، چاول، چینی اور آٹا سستا ہوا ہے،حکومت کا مہنگائی کم کرنے کا دعوی بدترین جھوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی انڈسٹری بند پڑی ہوئی ہے، پٹرول فی لیٹر پر ساٹھ روپے کی لیوی برقرار رکھنا سنگین مذاق ہے، عالمی مارکیٹ میں پٹرول سستا ہونے کے باوجود حکومت نے قیمت کم نہیں ہوئی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایف بی آر کے پچیس ہزار ملازمین کیا کر رہے ہیں، تنخواہ دار طبقے نے تین ماہ میں 111 ارب ٹیکس دیا ہے، جاگیر دار پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا جا رہا، سولر کے استعمال پر ٹیکس کے نفاذ کی خبریں افسوسناک ہے، جبکہ شہریوں نے حکومتی نالائقی کے باعث سولر لگوائے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اعداد و شمار کے گورکھ دھندے سے عوام کو بیوقوف مت بنائے، سرکاری ملازمین کیلئے پانچ ارب روپے سے 1087 گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں، دس کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، حکومت عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی عیاشیاں ختم کرے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی صرف اسٹیبلشمنٹ کے سہارے پر چل رہے ہیں، ہم تصادم کے راستے پر نہیں چلنا چاہتے، میاں نواز شریف کیوں فارم 47 کے سہارے ایم این اے بنے، آپ جمہوریت کو پامال کریں گے تو ہم کب تک اپنے کارکنوں کو روک کر رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی بلا تعطل سروس نہیں دی جا رہی ہے، آپ کیوں نوجوانوں سے ڈرتے ہیں، فائر وال لگا دی گئی، وی پی این پر فتویٰ لگا دیا گیا، فتوے بازی سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، فحش مواد کے حق میں کوئی نہیں ہے لیکن اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہئے۔

امیر جماعت اسلامی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وی پی این جیسے فتوے دے کر اسلامی نظریاتی کونسل جیسے اداروں کو متنازعہ نہ بنائیں، وزیراعظم کا وی پی این کے ذریعے ایکس کا استعمال بعد کی بات ہے، یہ بتائیں کہ فارم  47 پر آنے والے کیا شرعی ہیں یا غیر شرعی، حکومت دہشت گردی کے مسئلہ پر اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے۔

متعلقہ خبریں