وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو سال کے آخر تک سرپلس بجٹ دینے جا رہا ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، ملکی معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں، پنجاب میں ڈائلسز پروگرام شروع کیا جائے گا، پنجاب میں انسولین پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے بھی منظوریاں دی جائیں گی، پنجاب میں پاکستان کا سب سے بڑا کینسر اسپتال بنا رہے ہیں، پنجاب حکومت نے ٹی بلز میں 200 ارب کی سرمایہ کاری کی، آئی ایم ایف بھی اسے سرمایہ کاری کہتا ہے، وزارت خزانہ کو بھی تصیح کرنا پڑی۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ کہا گیا پنجاب 160 ارب روپے خسارے کا شکار ہے، آئی ایم ایف نے بھی کہا کہ خبرغلطی پر مبنی تھی، پنجاب واحد صوبہ ہے جو سال کے آخر تک سرپلس بجٹ دینے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل خبر آئی پنجاب حکومت نے یو اے ای میں سرمایہ کاری کی ہے، پروپیگنڈا سیل نے اس غلط خبر کو اچھالنے کی کوشش کی، یہ بالکل غلط خبر ہے جس پر آج اخبار نے معذرت بھی کی ہے، خارجی پاکستان میں انتشار چاہتے ہیں۔



















