پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بچے ہمارے روشن مستقبل کی امید ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کو قومی ترجیحات میں اولین حیثیت دی جانی چاہیے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تمام ننھے فرشتوں کو یومِ اطفال کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، آپ ہمارے مستقبل کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے اور ان کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے اقدام کی ضرورت ہے، بچے ہمارے روشن مستقبل کی امید ہیں، ان کی فلاح و بہبود کو قومی ترجیحات میں اولین حیثیت دی جانی چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، بچے ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری ملکی ترقی کے لیے سب سے مؤثر اقدام ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ شہید بھٹو کے انقلابی اقدامات اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بچوں کے حقوق کے لیے تاریخی اقدامات کیے، شہید بینظیر بھٹو کی طرف سے پاکستان میں انسدادِ پولیو مہم شروع کرنے کے جرات مندانہ اقدام تھا، پولیو مہم کا آغاز شہید بینظیر بھٹو کا بچوں کے صحت مند مستقبل کے لیے ان کی بے مثال کاوشوں کا مظہر ہے۔
انکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی قانون سازی قابل تحسین ہیں، صوبائی حکومت کے اقدام میں سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی ایکٹ 2011 اور سندھ رائٹ آف چلڈرن ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2013 شامل ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2013 پروٹیکشن آف بریسٹ فیڈنگ رولز 2009 بھی نافذ ہیں، حکومتِ سندھ کے اقدام میں سندھ پروٹیکشن اینڈ پروموشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ چائلڈ نیوٹریشن ایکٹ 2013 شامل ہے، ان قوانین کا مکمل نفاذ یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے تاکہ بچوں کو ان کا مکمل فائدہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے منصوبے،ایکشن پلان فار ریڈکشن ان اسٹنٹنگ اینڈ میل نیوٹریشن (AAP) پروگرام بھی قابل تحسین اقدام ہے، اس پروگرام نے بچوں میں غذائی قلت کے مسئلے پر نمایاں پیش رفت کی ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں بچوں کو درپیش مسائل، جیسے غربت، غذائی قلت، تعلیم کی کمی اور استحصال کی صورتحال اب بھی پر تشویشناک ہے، تمام پالیسی ساز، اساتذہ، سول سوسائٹی اور شہری ان مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کریں، آئیے ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں ہر بچہ محترم ہو، اس کا تحفظ یقینی ہو اور اسے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی جانب سے بچوں پر جاری مظالم اور استحصال کی صورتحال ناقابل بیان ہے، غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں عالمی برادری کی خاموشی ہمارے دور میں بے حسی کی بڑی مثال ہے، یہ خاموشی انسانیت پر ایک ایسا داغ جو ہمیشہ شرمندگی کا باعث رہے گا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی بچوں کے حقوق کی پاسداری اور ایک ایسی فضا کی تشکیل کے لیے جدوجہد جاری رکے گی جہاں بچے تمام رکاوٹوں سے آزاد ہوکر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرسکیں۔



















