کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاک ایران دوطرفہ تعلقات سے بھرپور فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
گورنر کامران خان ٹیسوری سے ایران کے سفیر رضا امیری مغدام کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ، برادر ملک ایران سے تعلقات کو ہمیشہ فوقیت حاصل ہے، مقدس مقامات نے پاک ایران تعلقات کو عوامی سطح پر پہلے ہی انتہائی مضبو ط بنارکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک ایران دوطرفہ تعلقات سے بھرپور فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، ایران سے تجارت میں اضافہ اولین ترجیح ہے اس ضمن میں سفارت کاری اہم ثابت ہوگی۔
دوسری جانب ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی و دفاعی لحاظ سے انتہائی مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس دوران ایرانی سفیر رضا امیری مغدام نے قائد اعظم کے تاریخی کمرہ کا دورہ کی، پرچم کشائی کی اور شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
علاوہ ازیں ایرانی سفیر نے گورنر ہاؤس میں رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے۔
واضح رہے کہ اس موقع پر قونصل جنرل حسن نوریان بھی موجود تھے۔



















