وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا امکان نہیں کیونکہ 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت نہیں ہوئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا امکان نہیں، 9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت ٹرائل کورٹ میں ہو رہی ہے، یہ مقدمہ آگے چلے گا، اس میں بہت مواد اور شواہد ہیں، ٹرائل کورٹ میں کیس آگے بڑھا تو ضمانت ختم بھی ہو سکتی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ مذاکرات ہو بھی جائیں تو بانی کے پُرامن رہنے کی گارنٹی کون دے گا؟ بات حکومتوں کے درمیان ہوتی ہے، ان کی کوشش ہے کہ اداروں کو سیاست میں دھکیلا جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب تک 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ نہیں ہوتا تو یہ ملک میں کیا مثال بنے گی، عدالت نے ضمانت دیتے ہوئے کہا ہے ٹرائل میں پیشی ضروری ہے، بشریٰ بی بی ضمانت کا غلط استعمال کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل بھی ایپکس کمیٹی اجلاس میں علی امین گنڈا پورموجود تھے، وزیر داخلہ حکومت کی طرف سے صوبائی حکومت سے رابطے میں رہتے ہیں، یہ ہر موقع پر انتشار پھیلاتے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کیسے تعین ہوگا کہ یہ پُرامن احتجاج چاہتے ہیں، پی ٹی آئی نے ماضی میں رویے سے ثابت کیا ہے کہ پُرامن نہیں رہ سکتے۔



















