وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کے سینئر آفیسر اعجاز حسین کی ایمانداری کے اعتراف میں ان کیلئے 50 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
ایف بی آر اصلاحات اور ٹیکس فراڈ کے خلاف مہم کے مثبت نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔
ایف بی آر کے سینئر افسر کی جانب سے کھربوں روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کی کوشش کی بروقت نشاندہی اور کارروائی کی گئی۔
وزیرِ اعظم سے ٹیکس فراڈ کی کوشش کی بروقت نشاندہی کرنے والے ایف بی آر کے افسر اعجاز حسین نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیرِ اعظم نے ایف بی آر کے آفیسر اعجاز حسین کی فرض شناسی کی پذیرائی کی اور اعجاز حسین کی ایمانداری کے اعتراف میں ان کیلئے 50 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔
انہوں نے اعجاز حسین کی فرض شناسی پر انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں فرض شناس افسران اور اپنے پیشے سے مخلص باصلاحیت لوگوں کی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے ایماندار لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اطمینان بخش امر ہے کہ ایف بی آر اصلاحات کے مثبت نتائج کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کی غریب عوام کے ٹیکس چوری کرنے والوں اور انکی معاونت کرنے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ غریب عوام کے ٹیکس پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے شکنجے کو مزید مضبوط کیا جائے گا، اعجاز حسین نے اس احسن اقدام سے ملک و قوم کی خدمت کی ہے جو لائقِ تحسین ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ٹیکس فراڈ کی اس مزموم کوشش کی تفصیلی تحقیقات کے بعد ذمہ داران کو قانون کے کٹھرے میں لائے، ایف بی آر ٹیکس فراڈ میں ملوث عناصر اور انکی معاونت کرنے والوں کو سزا دلوانے کیلئے بہترین قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کرے۔
وزیرِاعظم کو بریفنگ دی گئی کہ سیلز ٹیکس چوری کیلئے ایک 80 برس کی خاتون کے کوائف کو استعمال کیا گیا، 4 مارچ 2024 کو ایف بی آر کے سینیئر افسر اعجاز حسین نے ٹیکس فراڈ کی اس کوشش کی نشاندہی کی۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ سیلز ٹیکس فراڈ کی اس کوشش میں ابتدائی طور پر 37 کروڑ منتقل بھی ہوا جس کی ریکوری کا عمل جاری ہے، ٹیکس فراڈ کی کوشش میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا جا چکا۔
وزیرِاعظم نے ہدایت دی کہ تفصیلی تحقیقات کے بعد ٹیکس فراڈ کی کوشش میں مبینہ معاونت کرنے والے ایف بی آر کے حکام کی نشاندہی کرکے انہیں بھی قرار واقعی سزا دلوائی جائے، ملکی معیشت کی ترقی کیلئے ٹیکس بیس میں اضافے کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی اصلاحات اور مکمل ڈیجیٹائیزیشن سے مستقبل میں بھی اس قسم کی کارروائیوں کی روک تھام ہو سکے گی۔



















