وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئیڈیاز 2024، کا تھیم “امن کے لیے ہتھیار” ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئیڈیاز 2024ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئیڈیاز کا میرے شہر میں منعقد ہونا بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے، ہمارا کراچی پاکستان کی بحری سرگرمیوں کا مرکز ہے، آئیڈیاز 2024، کا تھیم “امن کے لیے ہتھیار” ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اس فلسفے کی حقیقی عکاسی کرتا ہے کہ امن کے لیے طاقت اور تیاری ضروری ہے، ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ فوجی صلاحیت کو جارحیت کے آلے کے بجائے تنازعات کو روکنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے چوکنا رہنا چاہیے، ہمارا حتمی مقصد ہمیشہ امن اور استحکام ہے، مجھے بین الاقوامی مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، آپ کا دورہ مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون اور باہمی احترام کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دنیا میں امن اور خوشحالی کے لیے تعاون ضروری ہے، استحکام، امن اور سفارت کاری کے لیے ہماری مشترکہ وابستگی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے، آج آپ نے جس شو کا مشاہدہ کیا، وہ ہماری فوجی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز امن اور سلامتی کے لیے ہماری غیر متزلزل عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے، آئیڈیاز کے شاندار انعقاد کرنے پر مجھے پاک افواج بالخصوص پاک بحریہ کے جوانوں فخر ہورہا ہے، منصوبہ بندی، کوآرڈینیشن اور یہ سیٹ اپ اس پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کا حقیقی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ہمارے سمندری مفادات کے تحفظ میں طاقت کا ستون ہے، آج کے کراچی شو میں مسلح افواج نے غیر معمولی صلاحیتوں کی جھلک دکھائی ہے، پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ نے کراچی شو میں بہترین مظاہرے پیش کئے، ہم سرحدوں بلکہ آزادی اور جمہوریت کی اقدار کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز ہمارے بین الاقوامی تعلقات کی بنیاد ہیں، پاکستان نے دنیا بھر سے فوجی حکام، دفاعی ماہرین، سفارت کار اور صنعت کے رہنما ؤں کی سینئر قیادت کو اکٹھا کیا ہے، ہم امن قائم کرنے کے مشترکہ مقصد کے لیے متحد ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارا مقصد عالمی دفاع اور سلامتی کے معاملات میں گفتگو، تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہے، آئیڈیاز میں بین الاقوامی مندوبین کی موجودگی امن کے لیے عالمی عزم کو واضح کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہمیں ملکی دفاعی مصنوعات کی نمائش پر فخر ہے جو کہ بین الاقوامی معیار پر پورا اترتے ہیں، ہم قومی سلامتی کی ضروریات اور عالمی امن کی کوششوں میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، دہشت گردی، بحری قزاقی، سائبر سیکورٹی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے روایتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ ذمہ داری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2024 ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے جہاں قومیں خیالات کا تبادلہ کرنےاور نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے اکٹھے ہوئی ہیں، پاکستان کی دفاعی صنعت نے حالیہ برسوں میں نہ صرف تکنیکی ترقی کی ہے بلکہ خود انحصاری کو فروغ دینے میں بھی نمایاں پیش رفت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ علاقائی سلامتی کے لیے وسیع نظریہ رکھتا ہے، آئیڈیاز 2024 میں غیر ملکی مندوبین کی شرکت ہماری اقوام کے درمیان دوستی کے رشتے کو مضبوط کرتی ہے، ہم غیر ملکی مندوبین کی شراکت کی قدر کرتے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عالمی ہم آہنگی کے مشترکہ مقصد کے لیے ہم ملکر کام کرنا چاہتے ہیں، آئیڈیاز 2024ء میں پرجوش تعاون کرنے پر سندھ کی عوام کا مشکور ہوں، آج یہاں آپ کی موجودگی ہماری مسلح افواج اور پاکستان کے شہریوں کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاسی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ آخر میں، میں اس تقریب کو ممکن بنانے والے تمام منتظمین، شرکاء، غیر ملکی مندوبین اور خاص طور پر پاک بحریہ کی انتھک کوششوں کے لیے جس نے آج کے شو کی کامیابی کو یقینی بنایا، میں اپنی تہہ دل سے تعریف کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں۔



















