Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ؛ 3 مرلہ پلاٹ اسکیم کے اجراء کی منظوری

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت 3 مرلہ پلاٹ اسکیم کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران پنجاب میں 3 مرلہ پلاٹ اسکیم کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی گئی اور بتایا گیا کہ چشتیاں میں 3 مرلہ اسکیم کے تحت 666 پلاٹ دے کر اسکیم کا آغاز کیا جائے گا۔

دوران اجلاس بریفنگ دی گئی کہ پنجاب میں اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت 927 درخواست دہندگان کو قرض کی پہلی قسط کی ادائیگی مکمل کردی گئی جبکہ اپنی چھت اپنا گھر کے تحت 800 سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگئی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے دوسری قسط کی ادائیگی جلد ازجلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 50 ہزار درخواست دہندگان کا ڈیٹا تصدیق کیلئے اخوت کو ٹرانسفر، 38ہزار کی تصدیق مکمل کرلی اور اپنی چھت اپناگھر کے تحت 20900 درخواست دہندگان نے مطلوبہ دستاویزات جمع کروادیں جبکہ 8424 کے کاغذات بھی مکمل ہوگئے۔

بریفنگ کے مطابق اپنی چھت اپناگھر کے پورٹل کے رجسٹرڈ یوزر کی تعداد 6 لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ اپنی چھت اپنا گھر پورٹل پرگھروں کیلئے سواتین لاکھ سے زائد درخواستیں ہیں، جون 2025 تک 47 ہزار گھر اور اگلے دسمبر تک1لاکھ گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ مکمل کرلیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے پہلے پانچ گھروں میں فرنیچر اوردیگر سامان کا تحفہ پیش کرنے کی منظوری دیتے ہوئے  پراجیکٹ کو تیز ترکرنے کی بھی ہدایت کردی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ اپنی چھت ہر عام آدمی کا خواب ہے، ضرورپورا کریں گے، نعروں اوردعووں پر یقین نہیں رکھتے،اپنی چھت مہیا کرنے کے وعدے کو ضرور نبھائیں گے۔

متعلقہ خبریں