لاہور: وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے کچھی کینال کی بحالی کے منصوبے کی اہمیت اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کچھی کینال کی بحالی وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی محنت کا نتیجہ ہے اور اس منصوبے میں حکومت پنجاب کی معاونت بھی شامل رہی۔
انہوں نے اس منصوبے کی تکمیل کا کریڈٹ نوازشریف کے دور حکومت کو دیا اور پرویز مشرف کے دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کچھی کینال کے منصوبے کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا گیا اور غریب عوام کا پیسہ برباد کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب نے کچھی کینال کو بے پناہ نقصان پہنچایا لیکن سرفراز بگٹی کی قیادت میں اس کی بحالی کا عمل شروع کیا گیا۔
وزیراعظم نے بلوچستان اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کو سراہا اور کہا کہ دونوں نوجوان قیادت ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے کام کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے حوالے سے بھی اہم باتیں کیں اور کہا کہ سعودی عرب نے کبھی پاکستان سے کوئی مطالبہ نہیں کیا اور ہمیشہ پاکستان کے مفادات کا خیال رکھا۔
شہباز شریف کہتے ہیں کہ سعودی عرب کے بادشاہ اور ولی عہد نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی۔ سعودی عرب نے 77 سالوں میں پاکستان کے ساتھ ہمیشہ بھائی کی طرح سلوک کیا اور کبھی غیر مشروط مدد سے گریز نہیں کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ دنوں میں ایک بیان سامنے آیا ہے جس سے پاکستان کے ساتھ دشمنی کا مظاہرہ کیا گیا اور اس بیان سے پاکستان کو نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایسی دشمنی ناقابل معافی ہے اور پاکستانی قوم کسی بھی ایسے ہاتھ کو نہیں بخشے گی جو پاک سعودی تعلقات میں رکاوٹ بنے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے مفادات کے ساتھ کسی بھی طرح کا کھیل کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پاک سعودی دوستی میں رکاوٹ ڈالنے والے کو قوم کے غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔



















