پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے پُرتشدد کارروائیوں کا اعتراف کرلیا۔
نام نہاد احتجاج کے نام پر پی ٹی آئی کارکنان کی پُرتشدد کارروائیاں جاری ہیں، پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پُرتشدد کارروائیوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔
ویڈیو کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان پولیس پر حملوں کا اعتراف کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کارکنان سرکاری سامان چھیننے کا بھی اعتراف کر رہے ہیں۔
پُرتشدد کاروائیوں کی متعدد ویڈیوز نے نام نہاد پُرامن احتجاج کی حقیقت واضح کردی۔
دوسری جانب رینجرز اہلکاروں پر شرپسندوں کے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی تیز رفتار گاڑی نے نام نہاد احتجاج کی آڑ میں اسلام آباد میں ڈیوٹی پر مامور رینجرز اہلکاروں کو کچل ڈالا، افسوسناک واقعہ 26 نومبر 2024 کی رات 2 بجکر 44 منٹ پر رونما ہوا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ شرپسندوں کی تیز رفتار گاڑی درخت کے عقب سے آتے ہوئے رینجرز اہلکاروں کو کچلتے ہوئے آگے نکل گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقع میں رینجرز کے تین اہلکار شہید ہو گئے اور تین شدید زخمی ہوئے، واقعہ اُس وقت پیش آیا جب رینجرز جوان ناکہ پر تعینات ہو رہے تھے۔
یہ واقعہ بھی شر پسندوں کی منظم اور سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کیا گیا، جسکو سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح دیکھا جا سکتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر واقع کو حقائق کے برعکس توڑ مروڑ کر جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اس سے قبل بھی پرتشدد مظاہرین کی متعدد ویڈیوز منظرِ عام پر آچکی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے شر پسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، واقع میں ملوث شرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے ریڈ زون میں پارلیمنٹ ہاؤس سمیت ڈی چوک کا کنٹرول سنبھال لیا



















