وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کے لیے ونٹر پیکج پر نیپرا میں عوامی سماعت مکمل ہوگئی۔
ونٹر پیکج پر نیپرا میں عوامی سماعت کی صدارت نیپرا کے چیئرمین نے کی جب کہ نیپرا کے مطابق ونٹر پیکج کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے ہوگی۔
توانائی حکام کے مطابق پیکج میں گھریلو صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا۔
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ اسی طرح زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر گھریلو صارفین کو 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔
توانائی حکام نے مزید بتایا کہ صنعتی صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ کی رعایت دی جائے گی جبکہ زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔
یہ ونٹر پیکج 3 ماہ کے لیے (دسمبر تا فروری) نافذ ہوگا۔ نیپرا نے بتایا کہ وہ اس پیکج کے تحت جمع کردہ ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گا۔



















