وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ صحت اور تعلیم کے مسائل کا حل نکل آئے تو عوام کے 80 فیصد مسائل حل ہوجائیں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ صحت کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری صحت مجیب الرحمان اور ڈی جی ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ صحت میں میرٹ پر تعیناتیوں کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ میرٹ کے خلاف بھرتی کرنے اور بھرتی ہونے والے افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، جامع اصلاحات کے نتائج نظر آنے چاہئیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے مسائل کا حل نکل آئے تو عوام کے 80 فیصد مسائل حل ہوجائیں گے، بلوچستان میں ڈھائی لاکھ “سرکاری بابو” تعینات ہیں، سروس ڈلیوری کا نظام اطمینان بخش نہیں، صحت کے شعبے کے لیے مختص وسائل کا فائدہ عام آدمی کو ملنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اصلاحات کے آڑے آنے والے مافیاء کے خلاف کارروائی کی جائے، بات چیت کا دروازہ کھلا ہے اصلاحات پر جنہیں تحفظات ہیں آئیں بات کریں، احتجاج کی آڑ میں مفاد عامہ کے امور میں رکاوٹیں ناقابل برداشت ہیں۔



















