راولپنڈی: پاک بحریہ اور کورین بحریہ نے بحیرہ عرب میں مشترکہ مشقوں کا انعقاد کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ اور کورین بحریہ کی مشترکہ مشقوں میں پاک بحریہ کے جنگی جہاز ذوالفقار اور کورین بحریہ کے جنگی جہاز وینگ جییون نے حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مشق کے دوران مختلف بحری آپریشنز کا انعقاد کیا گیا جن کا مقصد مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بڑھانا اور پیشہ وارانہ روابط کو فروغ دینا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دونوں جہاز کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت کمبائنڈ ٹاسک فورس (CTF 150) اور (151 CTF) کے تحت آپریٹ کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ CTF-150 اور CTF-151 کا مقصد سمندر میں منشیات کی اسمگلنگ اور بحری قزاقی جیسی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بحری مشقیں علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاک بحریہ کے عزم کی مظہر ہیں جب کہ پاک بحریہ خطے میں ہر طرح کے روایتی اور غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔



















