وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آئی ٹی کے بغیر کوئی شعبہ ترقی نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آئی ٹی یو یونیورسٹی کا شمار مایہ ناز یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے جس کی بنیاد شہبازشریف نے رکھی، آئی ٹی شعبہ نہیں بلکہ وہ طاقت ہے جس سے معیشت کے ہر پہیہ کی ترقی جڑی ہوئی ہے، خواہ تعلیم ہو صحت یا زراعت و پیداوار ہو۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے بغیر کوئی شعبہ ترقی نہیں کر سکتا، ڈیجیٹل انقلاب کے دور میں داخل ہو گئے ہیں، روایتی پیداوار سے ہٹ کر نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں، آج لائن کرایہ کی گاڑی کی ایک ایپلیکیشن نے پبلک ٹرانسپورٹ کو کہاں پہنچا دیا، جس سسٹم میں جس معیشت میں آئی ٹی نہیں ہوگی وہ ترقی نہیں کر پائے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ جو کچھ پاکستان کے لیے کیا اس پر فخر ہے، امریکہ سے پاکستان آیا تو مجھے کبھی مایوسی نہیں ہوئی، بیرون ملک پاکستانیوں نے اگر وہاں دس سے پندرہ سال کام کر لیا ہے تو پاکستان واپس آکر بہترین معیشت کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔



















