Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوشل میڈیا پر کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے جامع اقدامات کا فیصلہ

سوشل میڈیا پر کالعدم  دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے جامع اقدامات کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں  فیصلہ کیا گیا کہ  پی ٹی اے کے تعاون سے دہشت گرد گروپوں کے اکاؤنٹ کو بلاک کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا  کہ  غیر قانونی سمز کی روک تھام کے لیے صوبے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائیں گے۔

آئندہ اجلاس میں پی ٹی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کو موثر میکنزم پیش کرنے  کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں  نیکٹا اور صوبوں کے مابین کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ  موثر کوآرڈینیشن کے لیے نیشنل فیوژن سنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ  رواں برس اکتوبر تک 7984 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں 206 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ  بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔    دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کاؤنٹر ٹیررازم فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے بھر پور تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کو مضبوط کیا جائے گا۔   امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سب نے مل کر کام کرنا ہے۔    استعداد کار بڑھانے کے ساتھ تمام صوبوں کی پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے۔

وزیر داخلہ نے   قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے 7 روز میں تمام اداروں کو ضروریات سے متعلق رپورٹ  وزارت داخلہ کو بجھوانے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ  نیکٹا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لیڈنگ کردار ادا کرے گی۔   نیکٹا میں اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے۔   نیکٹا کا اصل رول بحال کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لئے کیے گئے انتظامات کا  بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیرداخلہ نے چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے فول پروف سیکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی ۔

محسن نقوی   نے مزید کہا کہ  کوسٹل ایریاز میں نارکوٹکس اسمگلنگ کو روکنے کے لیے کوسٹل گارڈز کو سہولتیں فراہم کریں گے۔

اجلاس میں انسداد دہشتگردی کے لئے کئے فیصلوں پر عملدرآمد کا فرداً فرداً جائزہ لیا گیا۔  اسلام آباد میں کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے قیام پر بھی پیشرفت کا  جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا خالد خٹک نے دوسرے جائزہ اجلاس پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ،نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا،تمام آئی جی ،آئی جی ریلویز پولیس،کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری،آئی جی اسلام آبادپولیس،وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام  نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں