لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسپیشل ہیروز کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسپیشل افراد کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قوم کے اسپیشل ہیروز کو سلام، آپ ہمارا فخر ہیں، معاشرے کی اصل خوبصورتی یہ ہے جب اسپیشل ہیروز کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد اپنے جذبے سے دنیا کو حیران کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اسپیشل ہیروز کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت خصوصی افراد کی زندگیوں کو آسان اور باوقار بنانے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے، نادار اسپیشل ہیروز کے لیے ’’ہمت کارڈ‘‘ لانچ کیا ہے، ہمت کارڈ سے نادار اسپیشل افراد کو ہر سہ ماہی میں ساڑھے دس ہزار روپے ملے گا۔
انکا کہنا تھا کہ اسپیشل افراد اورنج لائن، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میٹروبس میں بھی ہمت کارڈ کے ذریعے مفت سفر کرسکتے ہیں، اسپیشل ہیروز کو ہیرنگ ایڈ، ویل چیئر اور مصنوعی اعضا بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سینٹر بنائیں گے، خصوصی تعلیم کے فروغ کے لیے جدیدسہولیات سے آراستہ سینٹر قائم کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپیشل ہیروز کے لیے میرے در ہمیشہ کھلے ہیں، انشاءاللہ پنجاب ایسی ترقی کرے گا کہ کوئی بھی ترقی سے پیچھے نہ رہے گا، اسپیشل افراد ہمدردی کے نہیں بلکہ عزت اور عملی اقدامات کے مستحق ہیں۔



















