Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خصوصی کھلاڑیوں نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خصوصی کھلاڑیوں نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو چوتھا بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں بنگلہ دیش کو 10 وکٹ سے ہرانے پر ٹیم کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ معذوری کے حامل افراد بھی کھیل کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں، خصوصی کھلاڑیوں نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کھیل سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کی شمولیت بڑھانا ہوگی، خصوصی افراد کو آگے بڑھنے، ترقی کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

صدر مملکت نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل میں بنگلادیش کو شکست دے کر بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت لیا ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل میچ آج کھیلا گیا جس میں ناقابلِ شکست پاکستان نے ایک اور کامیابی سمیٹ کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 140 رنز کا ہدف دیا جس کو پاکستان نے باآسانی بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر نثار علی نے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جن کا بھرپور ساتھ محمد صفدر نے دیا اور ناٹ آؤٹ 47 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس سے قبل بنگلادیش نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے تھے جبکہ بنگلادیش کے عارف حسین 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے بابرعلی نے دو جب کہ محمد سلمان اور مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

متعلقہ خبریں