چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کھیلے گی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا، پورے ٹورنامنٹ میں بلائنڈ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتان نثار علی اور محمد صفدر نے شاندار بیٹنگ کی اور فائنل میں فتح سمیٹی، پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کو بھی مبارک باد دیتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نےجذبے کے ساتھ محنت کی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اعزاز جیتا، ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کھیلے گی اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل میں بنگلادیش کو شکست دے کر بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت لیا ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل میچ آج کھیلا گیا جس میں ناقابلِ شکست پاکستان نے ایک اور کامیابی سمیٹ کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 140 رنز کا ہدف دیا جس کو پاکستان نے باآسانی بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر نثار علی نے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جن کا بھرپور ساتھ محمد صفدر نے دیا اور ناٹ آؤٹ 47 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل بنگلادیش نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے تھے جبکہ بنگلادیش کے عارف حسین 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔
پاکستان کی جانب سے بابرعلی نے دو جب کہ محمد سلمان اور مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: خصوصی کھلاڑیوں نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا، صدر مملکت



















