کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے عالمی سازش ہورہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، پنجاب، بلوچستان سے پی ٹی آئی کا کوئی قافلہ اسلام آباد نہیں گیا، یہ کسی سیاسی جماعت کو نہیں بلکہ ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گنڈاپور نے اسمبلی میں کہا ہمارے پاس ہتھیار ہیں ہم لڑیں گے، پی ٹی آئی کی سیکنڈ لیڈر شپ بانی پی ٹی آئی سے خوش نہیں ہے، انکو ڈر ہے بانی پی ٹی آئی باہر آئے تو انکی دکانیں بند ہوجائیں گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب معاشی صورتحال بہتر ہوتی پی ٹی آئی بطور سازش سامنے آتی ہے، انہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھے پاکستان کی امداد بند کی جائے، آئی ایم ایف قرض پروگرام بند ہوتا تو دیوالیہ ہونے کا امکان تھا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جو اسکرپٹ لکھا گیا ہے یہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کا حصہ ہے، گولڈ اسمتھ فیملی نے دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کا ایک ہی ہدف ہے کہ ملک میں انتشار پھیلے، پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے اربوں روپے لابسٹ کو دیے گئے، پی ٹی آئی کا ہدف کوئی ادارہ یا جماعت نہیں بلکہ پاکستان ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، ملیر ایکسپریس وے سے کراچی کے شہریوں کو بہت بڑا فائد ہوگا، کراچی میں اربوں روپے کے 2میگا پراجیکٹ جاری ہیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت روٹی، کپڑا، مکان کے منشور پر عمل پیرا ہے، سندھ حکومت 10 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروارہی ہے، چیلنجز کے باوجود سندھ حکومت عوام سے کیے وعدے پورے کررہی ہے۔



















