Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی ملک میں ٹیکسیشن کو مؤثر ، تیز تر بنانے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکسیشن کو مؤثر  اور تیز تر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معاشی صورتحال اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں محصولات میں اضافے کے لیے ڈیٹا پر مبنی حکمت عملی پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے، جبکہ اس حوالے سے  وفاقی وزیر خزانہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ ،چئیر مین ایف بی آ ر،  سیکریٹری  خزانہ کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم کی کوششوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں، جبکہ فسکل اسپیس  (fiscal space)  بڑھنا خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے محصولات کے نفاذ اور اس حوالے سے بنائی گئی حکمت عملی پر عملدرآمد کے حوالے سے سخت اقدامات اور ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم کاموں کو 31 دسمبر 2024 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

وزیراعظم میں نے اجلاس میں کہا کہ اسمگل شدہ ایندھن  کے خلاف سخت کریک ڈاؤن اور پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی وجہ سے، پاکستان کی پیٹرولیم کی فروخت نومبر 2024 میں 25 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جو 1.58 ملین ٹن تک رہی کو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں  سال بہ سال (YoY) 15 فیصد اضافہ ہوا ، جو توانائی کی مارکیٹ میں بحالی کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ چینی کی برآمد کے بروقت فیصلے کی بدولت پاکستان کو 500 ملین کا قیمتی  زر مبادلہ ملا۔

وزیراعظم نے سیمنٹ انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کرنے اور پیٹرول کی اسمگلنگ کے خلاف مزید سخت کاروائی کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائز یشن میں پیشرفت ہوئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کی ویلیو چین کی ڈیجیٹائز یشن سی متعلق تمام کام مارچ 2025 تک مکمل ہو جائے گا، جبکہ شوگر انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب اور سیمنٹ انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کے حوالے سے ڈیزائن کا کام مکمل ہو چکا ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ ڈیجیٹل انوائسنگ کے لیے سسٹم ڈیزائن کا کام مکمل ہو چکا ہے، چھوٹے کاروباروں کی ڈیجیٹل انوائسنگ کے حوالے سے موبائل فون ایپلی کیشن اس مہینے کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔

 بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پرآل کا نیا بورڈ تشکیل دیا جا چکا ہے، پرآل کا ہارڈ ویئر اور ڈیٹا سینٹر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، فیس لیس کسٹمز اسیسمینٹ کے حوالے سے سینٹرل اسیسمینٹ یونٹ کراچی میں قائم کیا جا چکا ہے جو کہ 31 دسمبر 2024 سے کام کا آغاز کر دے گا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں