وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے صوبے کیلئے کچھ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی دعوت پر بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے صوبے کیلئے کچھ نہیں کیا، صوبے کے عوام نے آپ کو ووٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کےپی کے لوگ فرنٹ لائن پر ہیں، صوبے کی عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا فقط دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کر رہے ہیں۔
امیرمقام نے کہا کہ گورنرخیبرپختونخوا نے اےپی سی بلائی جو خوش آئند اقدام ہے، اے پی سی میں خیبرپختونخوا کی حقیقی قیادت شریک ہے، خیبرپختونخوا کے وسائل احتجاج اور دھرنوں پر خرچ ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل خیبرپختونخوا حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں، کےپی کے عوام نے وزیراعلیٰ کو صوبے کے مسائل کے حل کیلئے ووٹ دیا، صوبے کے عوام کے لیے پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 99 فیصد سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوئی ہیں، وفاق، دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ یہاں سیاسی جماعتیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کو ایک جماعت کو ٹھیکے پر نہیں دینا چاہیے، سیاسی جماعتیں اپنے صوبے کیلئے لڑ سکتی ہیں، میں نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کے ذریعے پی ٹی آئی کو بھی دعوت دی تھی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ضم اضلاع کے لوگوں میں تشویش ہے، انضمام کے بعد وعدے پورے ہونگے یا نہیں، اے پی سی کا مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے، کانفرنس کا اعلامیہ اور تجاویز وفاقی حکومت کو ارسال کریں گے۔



















