Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد کو جدید انتظامی ڈھانچہ دینا وقت کی ضرورت ہے، احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کو جدید انتظامی ڈھانچہ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کی قائم کردہ اسلام آباد گورننس اصلاحات کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی۔

اجلاس میں جمہوری ممالک کے دارالحکومتوں کے گورننس ماڈلز پر بھی غور کیا گیا، سی ڈی اے حکام نے کہا کہ سی ڈی اے کے ماسٹر پلان پر نظرثانی نہ ہونے کے باعث مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد کو جدید انتظامی ڈھانچہ دینا وقت کی ضرورت ہے، اسلام آباد کے گورننس کے نظام میں عوام کو جوابدہ ہونا چاہئے۔

اجلاس کے دوران مصدق ملک کا کہنا تھا کہ فریگمنٹیشن کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنا ہوگا جب کہ انجم عقیل نے کہاکہ سی ڈی اے کے تمام اختیارات ایک ذمہ دار عوامی نمائندے کو دیے جائیں۔

احسن اقبال کہتے ہیں کہ آئی سی ٹی گورننس میں انتظامی اور ترقیاتی ذمہ داریوں کی واضح تقسیم ضروری ہے، شہری اور دیہی علاقوں میں انتظامی ڈھانچہ یکجا کرنا ضروری ہے۔ سی ڈی اے، ایم سی آئی سی کے اختیارات کی حد بندی کا تعین کرنا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی سی ٹی کے منتخب نمائندوں کے پاس اختیارات کا فقدان ہے، اسلام آباد میں بلدیاتی ڈھانچہ عالمی معیار کے مطابق ہونا چاہیے، اسلام آباد کی حدود اور ممکنہ نئے شہروں کا تعین وقت کی ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ایم سی آئی سی، سی ڈی اے اور منتخب نمائندوں پر مشتمل سب کمیٹی تشکیل دی جائے، سب کمیٹی کے اراکین 5 دن میں سفارشات پیش کریں، کمیٹی اسلام آباد کے بلدیاتی ڈھانچے پر بھی غور کرے گی جب کہ یہ کمیٹی صحت اور تعلیمی اداروں کے مسائل پربھی غور کرے گی۔

متعلقہ خبریں