اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کی جانب سے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو26 ویں آئینی ترامیم کے حوالے سے لکھے گئے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ سیلیکٹیو سینس آف جسٹس آپ کے مقام کو زیب نہیں دیتا۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ نہایت محترم جسٹس منصور علی شاہ صاحب نے اپنے خط میں خدشے کا اظہار فرمایا ہے کہ انکے خط کے مندرجات پر اگر عملدرآمد نہ ہو تو عوام کا عدلیہ پر اعتماد اٹھ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ محترم جج صاحب اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ ایک عرصہ دراز سے وابستہ ہیں، انکی اس وابستگی کے دوران عدلیہ کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ اسکے عینی گواہ ہیں۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار صاحب، کھوسہ صاحب اعجاز احسن مظاہر نقوی اور بہت سے صاحبان عدلیہ کے وقار کو پامال کرنے والے چند نام ہیں نام اور بھی بہت ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ محترم شاہ صاحب اسوقت عوام کے اعتماد مجروح ہونے کا آپکو خیال نہ آیا، یا یہ شکایت کسی ذاتی وجہ سے ہے؟ آپ بہت بڑے مقام پہ فائز ہیں میرے لئے آپ محترم ہیں، مگر یہ سلیکٹو سینس آف جسٹس آپکے مقام کو زیب نہیں دیتیا۔



















