کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس نوجوانوں کو دینے کے لیے صرف انتشار ہے۔
شرجیل انعام میمن نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں سے لڑنا یا بھاگنا نہیں چاہیے، ہمیشہ حق و سچ کیلئے لڑنا چاہیے، آپ عدالتوں کو جھکا نہیں سکتے، ہم نے ہمیشہ عدالتوں پر اعتماد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مائنڈ سیٹ ہے عدالتیں انکے کہنے پر چلیں، بانی پی ٹی آئی کا مائنڈ سیٹ ڈکٹیٹر کی طرح ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پشاور میں گورنر کےپی نے اے پی سی بلائی، اے پی سی میں تمام 16جماعتیں تھیں سوائے پی ٹی آئی کے، آپ نے شرکت نہ کر کے کیا پیغام دیا، آپ نے پیغام دیاکہ جھوٹا پروپیگنڈا، ملک میں انتشار پھیلایا جائے، آپکے حالات یہ ہیں کہ آپکے نمائندے اپنے حلقہ میں نہیں جاسکتے، آپ کہتے ہیں میرے پاس ہتھیار ہیں حکومت سے لڑوں گا۔
انکا کہنا تھا کہ اتنی ہمت ہے تو دہشتگردوں کے خلاف لڑیں، اسی سوچ کی وجہ سے اپنے لیڈر کو جیل میں ڈال کربیٹھے ہیں، سب سے بڑا المیہ یہ تھا کہ اس شخص کو2018میں حکومت دی گئی۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ملک کا ستیاناس کرنے والے کو ملک کا وزیراعظم بنایا گیا، اس شخص کی سوچ ہے بجلی کے بل نہ بھرو، ملک کی ہرچیز کوآگ لگادو، اگر یہ سوچ رکھیں گے کہ تو ملک میں ترقی کبھی نہیں ہوگی، آپکے پاس صرف انتشار ہے، نوجوانوں کو دینے کیلئےبھی صرف انتشار ہے۔



















