راولپنڈی: سیکیورٹی فروسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیوں کے دوران 22 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا جب کہ پاک فوج کے 6 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فروسز نے خیبرپختوںخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا اور 3 مختلف آپریشنز کے دوران 22 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 6 بہادر جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ٹانک کےعلاقے گل امام میں آپریشن کے دوران 9 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ شمالی وزیرستان میں ایک اور کارروائی میں 10 دہشت گرد جہنم واصل کیے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ تھل میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خارجیوں کا حملہ ناکام بنایا گیا اور اس کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد جہنم واصل بھی کیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ تھل میں دہشتگردوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر حملے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس دوران پاک فوج کے 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔



















