وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات میں چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق آپ کا موقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آئی سی سی میں آپ نے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی، جبکہ پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور اس کے بعد کچھ اور ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، ہم پاکستان اور کرکٹ کی جیت چاہتے ہیں، انشاءاللہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آئے گی۔



















