Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعلیٰ کے پی مولاجٹ کی سیاست کررہے ہیں، زیادہ دیر نہیں چلے گی، فیصل واوڈا

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی مولاجٹ کی سیاست کررہے ہیں، جو زیادہ دیر نہیں چلے گی۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال کو بطور میئر دیکھا اس پر فخر ہے، کوشش کروں گا ایم کیوایم کو مینڈیٹ کے مطابق نمائندگی ملے، ایم کیوایم کی قومی اسمبلی میں 22سیٹیں ہیں مینڈیٹ تسلیم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے پاس جانے کا مقصد نیشنل کازہے، نیشنل کاز کے لیے سیاسی جماعتوں کی مشاورت ضروری ہے، ہمیں ایک دوسرے کا مینڈیٹ تسلیم کرنا ہوگا، دھرنے اور لوگوں کے ساتھ ناانصافی اب ملک برداشت نہیں کرسکتا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم پیاراور ہاتھ مروڑ کر کام کرانا بھی جانتے ہیں، میں ایم کیوایم کے مرکز کسی مطلب سے نہیں آیا، پاکستان جس ٹریک پر ہے معیشت بہتر ہورہی ہے، مہنگائی میں کمی کے لیے سب کی حمایت ضروری ہے۔

انکا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کےساتھ بھی ایک مشترکہ میٹنگ کریں گے، بانی پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو بھی تسلیم کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ کے پی مولا جٹ کی سیاست کررہا ہے زیادہ دیرنہیں چلے گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ  بانی پی ٹی آئی کی زندگی کوخطرات ہیں، بانی پی ٹی آئی کی جان پر سیاست کی کوشش کی جارہی ہے،ملک اب روز دھرنوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، اسٹیبلشمنٹ کوبرابھلاکہنےسے سیاست اچھی نہیں خراب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں بہت اچھے لوگ اور چہرےہیں، 14تاریخ کوسول نافرمانی کے غبارے سے ہوا نکل جائےگی، بانی نے پہلے بھی سول نافرمانی میں بنی گالہ کے بل بھرے، 14دسمبر کی تاریخ اس لیے دی کہ فیض حمید سےمتعلق فیصلہ آئے گا، ان کو بتادوں فیض حمیدسےمتعلق فیصلہ14 دسمبر سے پہلے آجائے گا۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کوان کے جرائم کی سزامل رہی ہے، مولانا فضل الرحمان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا تھا، بانی پی ٹی آئی نے مجھے نکالنے کے بعد لاہور بلایا تھا۔

سابق وفاقی وزیر مزید کہا کہ کسی نے گناہ کیا ہے توسزا کے بعد بات چیت کا عمل نہیں رکنا چاہیے، پی ٹی آئی کو بین ہونے سے بچانے کی کوشش کریں گے، بانی پی ٹی آئی کی بیگم اور ان کے حواریوں سےجان بچانی ہے، ہاتھ ملاکر کام ہوسکتا ہے ہم ہاتھ مروڑنا بھی جانتے ہیں۔

متعلقہ خبریں