وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
پرائم منسٹر آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت شام کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
وزیر اعظم نے شام سے وطن واپسی کے خواہاں پاکستانیوں کی بذریعہ ہمسایہ ممالک جلد از جلد محفوظ انخلاء کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔وہاں مقیم پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کے لیے اقدامات کیے جائیں اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
وزیر اعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانے کو معلوماتی ڈیسک اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے تک دفتر خارجہ کا کرائسس مینجمنٹ یونٹ اور شام اور اس کے ہمسایہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں معلوماتی ڈیسک 24 گھنٹے فعال رہیں۔



















