نیپرا کی بجلی کی ترسیل و تقسیمِ کار کمپنیوں کی کارکردگی جائزہ رپورٹس 2023-24 جاری کر دی ہیں، جس کے مطابق بجلی کمپنیوں کی ناقص کارکردگی سے قومی خزانے کو 661 اب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بجلی کمپنیوں کی لائن لاسز کی مد میں ایک سال میں 281 روپے جبکہ بجلی بلز وصولیوں کی شرح کم رہنے سے ایک سال میں خزانے کو 380 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔
نیپرا جائزہ رپورٹ کے مطابق تمام ڈسکوز نے نیپرا کے مقرر کردہ ہدف سے زیادہ نقصان کیا، جبکہ 2023-24 میں بجلی کمپنیاں نقصانات کے اہداف حاصل کرنے میں ایک بار پھر ناکام رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2023-24 میں تمام ڈسکوز 100 فیصد ریکوری میں ناکام رہیں، جبکہ ایک سال میں بجلی کمپنیوں کے خلاف 34 لاکھ سے زائد شکایات درج کرائی گئیں، سال 2023-24 میں ترسیلی نقائص کےباعث صارفین سستی بجلی سے محروم رہے۔
نیپرا کی جانب سے آپریشنل پاورپلانٹس کے حوالے سے کارکردگی جائزہ رپورٹ 2023-24 بھی جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق بجلی کی شدید طلب کے موسم میں بھی سستے پاور پلانٹس نہ چلائے جا سکے۔



















