Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مدارس کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، حافظ طاہر محمود اشرفی

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ مدارس کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن اور نصاب کے حوالے سے پروپیگنڈا بےبنیاد ہے، دینی مدارس کا تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ہے، مدارس دین کی خدمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کو وزارت تعلیم سے منسلک کرنا ہمارا مطالبہ تھا، مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق 2019 میں معاہدہ ہوا، معاہدے پر مفتی تقی عثمانی اور دیگر جید علماء نے دستخط کیے، مدارس کی رجسٹریشن کے معاہدے پر اب تک اعتراض نہیں ہوا۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 2019 سے اب تک 18 ہزار 600 مدارس رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، مدارس کا تعلق تعلیم سے ہے تو انہیں وزارت تعلیم سے ہی منسلک ہونا چاہیے، رجسٹریشن کرانے والے مدارس کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی، مدارس کے لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ نہیں ہونا چاہیے۔

  چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ مدارس کو وزارت تعلیم سے منسلک کرنا پورے ملک کا مطالبہ تھا، ہمارا کوئی جھگڑا نہیں، ہم سب کا احترام کرتے ہیں، مدارس کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، مدارس کے حوالے سے 15 بورڈز قائم ہیں، مدارس کے نصاب کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا، جن مدارس نے رجسٹریشن کرائی ان کے نام بتانے کو تیار ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ مدارس کی تعلیم کو پاکستان میں باضابطہ طور پر تسلیم کیا گیا، جو خوف وہراس پھیلانا چاہتے ہیں ان کیلئے ایک بات کرتا ہوں، مجھے بتائیں 2019 سے آج تک کسی ایک مدرسے کو کہا گیا دینی تعلیم نہ دیں، کوشش کی گئی کہ مدارس کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یہاں ون ونڈو آپریشن ہوا، ڈاکیومنٹس دیں اور رجسٹریشن کروالیں، تاثر دیا جا رہا ہے علماء اور مدارس کے دو طبقے آمنے سامنے ہونگے، ایسا بالکل نہیں، ہماری تربیت نہیں کہ کسی کو گالی دیں یا ماں بہن پر انگلیاں اٹھائیں، ہمارے اکابرین نے ہماری تربیت سنت رسولﷺ کے مطابق کی ہے۔

متعلقہ خبریں