اسلام آباد: وزیرداخلہ محسن نقوی اور پرویز خٹک نے پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے بانی پرویز خٹک کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی مجموعی صورتحال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام سے متعلق اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پرویز خٹک نے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران شر پسندوں کے حملے میں شہید پولیس و رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور سب نے مل کر اسے آگے لے کر جانا ہے، عوام صرف اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، دنیا کی کوئی طاقت ترقی نہیں روک سکتی۔



















