ریاض: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے قائمقام ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل ڈاکٹر صالح ال مراببہ نے ان کا خیر مقدم کیا۔
وفاقی وزیر محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے مختلف شعبے دیکھے اور کال سینٹر کا معائنہ کیا اور ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ میں جدید کال سینٹر کے قیام کو سراہا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ میں ایڈوانس ٹیکنالوجی کا جائزہ بھی لیا اور پاسپورٹ کے جدید نظام کی تعریف بھی کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر محسن نقوی سے ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے قائمقام ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل ڈاکٹر صالح ال مراببہ کی ملاقات ہوئی جس میں پاسپورٹ کی وصولی سے اجراء تک کا نظام سہل بنانے اور جعلسازی کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں ای گیٹز پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پاسپورٹ نظام کو مزید آسان اور فول پروف بنانے کے لیے سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کی معاونت سودمند ثابت ہو سکتی ہے، باہمی تعاون سے عوام کو سہولت ملے گی اور دھوکہ دہی سے نجات ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے کال سینٹر کی طرز پر پاکستان میں بھی کال سینٹر بنایا جائے گا، سعودی عرب کے تعاون سے پاسپورٹ میں جعلسازی و کاغذات میں ردوبدل کرنے والوں کو پاکستان میں ہی پکڑا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاسپورٹ میں ردوبدل و جعلی کاغذات پر سعودی عرب جانے والے 3700 پاکستانیوں کو سعودی حکام نے اپنے ایئر پورٹس پر پکڑا تھا۔



















