وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ خواتین مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دےرہی ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ورکنگ ویمنزکےقومی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی تعمیر اور ملک کی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں خواتین کے اہم کردار اور شراکت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زیادہ ہیں اور ہمارے ملک کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، خواتین کوملکی ترقی میں کردارکےلیے مواقع فراہم کیےجائیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ قائد نے فرمایا تھا ’’کوئی قوم اس وقت تک عظمت کی بلندی پر نہیں پہنچ سکتی جب تک کہ تمہاری عورتیں تمہارے شانہ بشانہ نہ ہوں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ خواتین کو ملک کی ترقی میں بہترین کارکردگی اور کردار ادا کرنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ خواتین تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال سے لے کر کاروبار اور عوامی خدمت تک مختلف شعبوں میں قائدانہ عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کی خدمات پیشہ ورانہ میدان کے علاوہ خاندانوں کی پرورش اور آنے والی نسلوں کو پروان چڑھانے کے حوالے سے ناگزیر ہیں، خواتین کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے، حکومت نے کام کرنے والی خواتین کی مدد کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے خواتین کی مہارت اور قابلیت کو بڑھانے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام بھی شروع کیے ہیں، ہماری حکومت ایک ایسے مستقبل کے لئے کام کر رہی ہے جہاں خواتین کے کے لیے اعلیٰ عہدوں تک پہنچنا معمول ہو۔
وزیراعظم نے مزید یہ بھی کہا کہ آئیے ہم کام کرنے والی خواتین کو درپیش چیلنجوں کو کم کرنے اور خواتین کے لیے کام کا ایسا ماحول فراہم کرنے کا عہد کریں۔



















