آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے راولپنڈی میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھڈرل چرچ راولپنڈی میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کی تقریب میں شرکت پر یکجہتی اور ہم آہنگی کے جذبے کا اظہار کیا، مسیحی برادری نے چرچ آمد پر آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی موجودگی اور اظہارِ یکجہتی پر مسیحی برادری نے آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا۔
آرمی چیف نے ملک بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کرسمس محبت، ہمدردی، سخاوت اور خیرسگالی جیسے آفاقی اصولوں کی علامت ہے، محبت اور ہمدردی پاکستان کے متنوع معاشرے کو مضبوط بناتے ہیں۔
آرمی چیف نے اقلیتوں، خاص طور پر مسیحی برادری کی پاکستان کی شاندار خدمات کو سراہا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی بصیرت افروز قیادت سے پاکستان قائم ہوا، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر مضبوطی سے عمل پیرا ہونے کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ قائد کے اصول قوم کی تعمیر کے لیے ابدی رہنمائی بھی فراہم کرتے ہیں۔



















