وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکہ کو دو ٹوک الفاظ میں ابسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ تحریک انصاف ایک طرف مذاکرات کا ڈرامہ کھیل رہی ہے جبکہ دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک کا بھی ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سرکردہ شیرو اور ٹائیگرز سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے پر اکسا رہے ہیں، زلفی بخاری، شہباز گل اور شہزاد اکبر جیسے غیر ملکی ٹاؤٹ اس مہم میں پیش پیش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے فتنے اور فتنہ پارٹی کی ملک دشمنی کو ریجیکٹ کر دیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے رواں سال ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ ریکارڈ ترسیلات زر بھیجے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی نے ڈیڑھ سال قوم کو بتایا میں امریکی غلامی سے آپکو آزاد کراؤں گا، اب ایک مہینے سے امریکی لابی کو پاکستان میں مداخلت کرنے کی درخواستیں کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ کئی بونے یہودی لابی کے اشاروں پر اپنے مہرے کو بچانے کیلئے آجکل سرگرم ہیں، پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکہ کو دو ٹوک الفاظ میں ابسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے، پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنہوں نے امریکی غلامی سے آزادی حاصل کرنی تھی وہ اب امریکہ کو مداخلت کرنے کے لیے منتیں کر رہے ہیں، اڈیالہ جیل کا قیدی این آر او مانگنے کے لیے کسی کے بھی پاؤں پکڑنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔



















