وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ سندھ کے لوگ گیس اور بجلی سے محروم ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ملک بھر میں ستر فیصد گیس فراہم کر رہا ہے، اصولی طور پر آئیں اور قانون کے مطابق سندھ کے لوگوں کو سب سے زیادہ گیس ملنی چاہیے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ سندھ کے لوگ گیس اور بجلی سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو سوچنا چاہیے کہ سندھ کے لوگ گیس اور بجلی کی لوڈ شیدنگ کے بحران سے گزر رہے ہیں، سندھ حکومت لوگوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے سولرائزیشن کے پروگرام پر عمل کر رہی ہے، سندھ میں سولرائزیشن کا کام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آج سے تقریباً 12 سال پہلے سولرائزیشن کا کام شروع کیا، سندھ حکومت نے ہندوستان اور پاکستان کی سرحد کے ساتھ تعلقہ کھپرو، ضلع سانگھڑ کے دو گاؤں کو سولرائیز کیا تھا، پہلے مرحلے میں سرکاری اداروں کو سولرائزیشن کر رہے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت دو کراچی اور ایک جامشورو میں سولر پارکس بنا رہے ہیں، سستی سولر بجلی بنا کر گرڈ اسٹیشنز کو دے کر عوام کو فائدہ فراہم کریں گے، دو لاکھ سولر ہومز سسٹم غریبوں کو فراہم کر رہے ہیں، مزید پانچ لاکھ سولر ہومز سسٹم کا پروجیکٹ شروع کرنے والے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے ویژن کے مطابق سیلاب متاثرین کیلئے 21 لاکھ گھر بن رہے ہیں، سیلاب متاثرین تقریباً ڈیڑھ کروڑ لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں، سیلاب متاثرین کے گھروں کو گرین انرجی کے تحت سولرائیز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ تحسین پیش کرنے آئے ہیں، مشکلات کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بھرپور سہولیات فراہم کریں، امید سے زیادہ لوگ گڑھی خدا بخش بھٹو میں موجود ہوتے ہیں، صدر مملک آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو آج جلسے سے خطاب کریں گے، سب کو انتظار ہوتا ہے کہ صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول کیا ہدایات دیتے ہیں۔



















